موتیہاری ، 5؍ستمبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )مشرقی چمپارن میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایک ہی خاندان کے 5 افراد پراسرار طور پر فوت کر گئے۔ موت کی وجہ ابھی واضح نہیں ہوسکی ہے۔ گھر کے کچھ لوگوں کے گلے میں درد تھا ،جبکہ کچھ کے پیٹ میں درد تھا۔ کسی کے منہ اور ناک سے جھاگ اور خون نکلنے کی شکایت ہوئی۔ علاج کے لئے لے جانے کے بعد پانچوں کی موت ہوگئی۔ اس واقعہ کے بعد موتیہاری کے ڈاکٹر بھی حیران ہیں۔یہ واقعہ مفصل تھانہ علاقہ کے سرسا کالونی گاؤں کے رہنے والے پرشورام پرساد کشواہا کے گھر کا ہے۔26 اگست سے 3 ستمبر تک کل پانچ اموات سے علاقہ میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مکھیا شوبھا دیوی نے بتایاکہ ٹھگ پرساد کی 11 سالہ بیٹی انش کماری 26 اگست کو فوت ہوگئی، پرشورام پرساد کشواہا کے 32 سالہ بیٹے رویندر کمار اور اس کے 10 سالہ بیٹے پریانش کمار کا یکم ستمبر کو انتقال ہوگیا۔ وہیںایک ہی خاندان کے دو دیگر افراد ، 13 سالہ منی کماری اور 4 سالہ کالو کمار ، جمعہ کو فوت کرگئے۔ دونوں بچوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے موتیہاری صدر اسپتال بھیج دی گئی ہیں۔صدر اسپتال کے سول سرجن ڈاکٹر انجنی کمار نے بتایا کہ میڈیکل ٹیم معاملہ کی تحقیقات کر رہی ہے، ایک تحقیقاتی ٹیم سرسا کالونی بھی بھیجی گئی ہے۔ہم پوسٹ مارٹم رپورٹ کا بھی انتظار کر رہے ہیں ، گھر والوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ گھر میں ایک میڈیکل ٹیم تعینات کی گئی ہے ، وہ گھر والوں کی طبی جانچ کر رہے ہیں۔رپورٹ آنے کے بعد ہی کچھ کہا جاسکتا ہے ۔